بھارت میں شیڈول کرکٹ کے عالمی کپ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو تاحال ویزے جاری نہ ہوسکے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور ٹیم کے جلد ویزے جاری کرنے کو مطالبہ کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے بدھ کو روانہ ہونا ہے اور پاکستان ٹیم کی روانگی میں اب 48 گھنٹے کا وقت بھی باقی نہیں ہے لیکن کھلاڑیوں کو تاحال ویزے جاری نہیں ہوسکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ آج پورا دن ویزوں کا انتظار کرتا رہا لیکن ویزے جاری نہیں ہوئے جسکے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا اور ویزوں کے حصول میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ویزے میں تاخیر سے ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان کی تیاریوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ٹیم کو بدھ کو روانہ ہونا ہے لیکن اب تک بھارت کے ویزے جاری نہیں ہوئے ہیں۔
پی سی بی نے خط میں مزید لکھا کہ پاکستان کے ساتھ غیرمساوی سلوک کیا جارہا ہے اور اب تک صرف پاکستانی ٹیم واحد ٹیم ہے جسکو ویزے جاری نہیں کئے گئے۔ یہ غیرمساوی رویہ قابل قبول نہیں ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے سوال کیا ہے کہ عالمی کونسل صورتحال کو حل کرنے کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے۔ کیونکہ میزبان ملک ضمانت دیتا ہے کہ تمام شریک ممالک کو ویزے فراہم کئے جائیں گے۔
ورلڈکپ کیلئے پاکستان کو بدھ کو روانہ ہونا ہے جہاں قومی ٹیم حیدرآباد پہنچے گی اور قومی ٹیم کو جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ بھی کھیلنا ہے۔