نیوزی لینڈ نے پاکستان کے بعد ایک اور ٹیم کے خلاف سیریز ملتوی کردی

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کورونا کو جواز بنا کر آسٹریلیا کا دورہ کرنے سے انکار کردیا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے سیریز ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ نیوزی لینڈ کو 24 جنوری سے 9 فروری تک آسٹریلیا کا دورہ کرنا تھا۔

 

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے جاری کئے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ دورہ ٹیم کی واپسی سے متعلق غیریقینی صورتحال کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کورونا کے پیش نظر نیوزی لینڈ کی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

 

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئسولیشن اور قرنطینہ کے لیے ابھی ملک میں جگہ دستیاب نہیں ہے اس لئے عارضی طور پر بیرون ملک مقیم شہریوں اور ویزا رکھنے والوں کے لئے اپنی سرحدیں بند کررہے ہیں۔

 

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دونوں بورڈز کی مشاورت سے سیریز کی نئی تاریخوں کا فیصلہ کیا جائےگا۔ نیوزی لینڈ کے دورہ آسٹریلیا میں 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شامل تھا۔

 

گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیکیورٹی کو جواز بناکر دورہ پاکستان بھی آخری لمحات پر ملتوی کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان میں موجود تھی۔ لیکن میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل نیوزی لینڈ ٹیم نے کھیلنے سے انکار کیا اور پھر کھلاڑی اپنے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔

Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts