نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو ازالہ ادا کردیا۔ دونوں بورڈ کے درمیان تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو پچھلے برس ستمبر میں دورہ ادھورا چھوڑنے پر زرتلافی ادا کیا ہے، پی سی بی کو ادا کی جانے والی اصل رقم ظاہر نہیں کی گئی لیکن ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ بورڈ نے ملین ڈالر کا ازالہ ادا کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ہوٹل بکنگ، سکیورٹی، مارکیٹنگ اور براڈکاسٹنگ کی مد میں لاکھوں ڈالرز کا ازالہ ادا کیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم آئندہ برس مئی میں اضافی 10 وائٹ بال میچز بھی پاکستان آ کر کھیلے گی۔ وائٹ بال سیریز میں ون ڈے اور ٹی 20 میچز شامل ہونگے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں سال پاکستان کو سہ ملکی سیریز کھیلنے کی بھی دعوت دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی سہ ملکی سیریز میں شرکت کا ذہن بناچکا ہے۔ستمبر،اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز کا شیڈول طے ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کو دورے کی تصدیق کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم گزشتہ سال ستمبر میں اچانک دورہ ملتوی کرکے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئی تھی۔ جس دن راولپنڈی میں پہلا ون ڈے ہونا تھا مہمان ٹیم نے ناقابل بھروسہ سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر وطن واپسی کا اعلان کر دیا۔
اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کی اپنی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن کو فون کال بھی کیویز کو نہ روک پائی، یوں 18 سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنے کا شائقین کا ارمان پھر ادھورا رہ گیا۔
نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے معذرت کرلی تھی جس پر چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیزراجہ نے سیریز ملتوی ہونے پر سخت الفاظ میں زرتلافی کا مطالبہ کیا تھا۔
پی سی بی کو ہوٹل بکنگ، سیکیورٹی، مارکیٹنگ،براڈ کاسٹ و دیگر مد میں کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا تھا جس کی تفصیل کیویز کوبھیجی گئی، انھیں بعد میں خود اندازہ ہو گیا کہ دھمکی قابل بھروسہ نہیں تھی اور ٹور ختم نہیں کرنا چاہیے تھا۔