نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی نے ملک بھر میں 98 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کئے، امین الحق

وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی سے منسلک اسٹارٹ اپس نے ملک بھر میں 98 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کئے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی میں اسٹارٹ اپس گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔ وزیر آئی ٹی امین الحق نے اسٹارٹ اپس سے ملاقاتیں کی اور انہیں پراجیکٹس پر بریفنگ، گریجویٹس اور ہنر مندوں کو خراج تحسین کیا۔

 تقریب میں ممبر آئی ٹی جنید امام ، چیف ایگزیکٹو اگنائٹ عاصم شہریار، چیف ایگزیکٹو سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ علی رضا بھی شریک تھے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی، پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی فیضان لغاری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ 

امین الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی وفاقی حکومت کے تعاون سے کام کرنے والا ایک منفرد بزنس انکیوبیٹر ہے۔ این آئی سی کراچی چند سالوں میں نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم کو مضبوط و متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

امین الحق کے مطابق گذشتہ 5 سالوں میں این آئی سی کراچی نے  299 ماڈرن  کاروباروں کو فعال و کامیاب بنانے کے لیئے مؤثر رہنمائی و فنڈنگ فراہم کی، 58 فیصد کاروبار کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں، جو ایک بہترین تناسب ہے۔

این آئی سی کراچی سے منسلک اسٹارٹ اپس نے ملک بھر میں 98 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کیئے۔ این آئی سی نے تقریباً ساڑھے پانچ ارب روپے آمدن کی صورت میں کمائے ہیں جبکہ انکوبیشن سینٹر کے اسٹارت اپس نے سات ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی نے این آئی سی کراچی اور اگنائٹ کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ میرا ملک میرا شہر، ترقی کرے گا اس کے لوگ اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کے بل بوتے پر کامیاب ہوں گے، میرے لیئے، میری وزارت آئی ٹی کیلئے اور میری جماعت کیلئے اس سے بڑھ کر خوشی کی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں، قابلیت کی کمی نہیں، بس درست رہنمائی اور کچھ فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ ہم نے یہی کام کیا، نتیجے میں اسی طرح  کامیاب نوجوانوں کی بزم سجائی جاتی رہے گی۔ 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts