کراچی کے تاریخی اور سب سے بڑے کرکٹ کے میدان نیشنل اسٹیڈیم میں آئی ٹی کورس کے انٹری ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں 20 ہزار طلباء نے شرکت کی۔
صدارتی اقدام برائے مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ ( پی آئی اے آئی سی ) اور سیلانی ویلیفیئر کے زیراہتمام ہونے والے انٹری ٹیسٹ کو پاس کرنے والے طالب علموں کو جدید ٹیکنالوجی کا مفت کورس کروایا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق کورس مکمل ہونے کے بعد نوکری کے مواقع بھی دئے جائیں گے۔
آئی ٹی کورس کے لئے ہونے والےانٹری ٹیسٹ کے سلسلے میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا پاکستان کا نوجوان علم کے حصول کیلئے کوشاں ہے ، یہ بدلتا ہوا پاکستان ہے اور یہ پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرے گا۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام عوام کو راستہ فراہم کرنا ہے کراچی کے نوجوانوں کے لئے مواقع کھلتے جارہے ہیں۔ اس پر چل کر یہ ہنر مند نوجوان ملک کی ترقی کا باعث بنیں گے۔