کراچی سٹی کورٹ میں نمرہ کاظمی مبینہ اغوا کیس کی سماعت ہوئی ، نمرہ کے شوہر شاہ رخ کو پولیس نے لنک عدالت میں پیش کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکلا نے بتایا کہ دونوں خاندان جلد صلح نامہ جمع کرانے کے لئے تیار ہیں، وکیل شاہ رخ کا کہنا تھا کہ نمرہ کے والدین سے بات چیت جاری ہے، نمرہ کےوالدین نے شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ رخصتی کے طریقہ کار پر بات ہورہی ہے،جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے اور مصالحت سے متعلق حلف نامہ متعلقہ عدالت میں جمع کروادیں گے۔
نمرہ کی والدہ نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کو اپنے پاس رکھنا چاہتی ہوں ، جس پر لڑکے کی خالہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کراچی میں رہے گا، ہمیں تمام شرائط قبول ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بغیر کسی کارروائی کے 2 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے گذشتہ سماعت میں نمرہ کاظمی کے اقبالی بیان کی کاپی منظر عام پر آئی تھی ، جس میں نمرہ کا کہنا تھا کہ اس کو کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے خود نجیب شاہ رخ کے پاس تونسہ شریف گئی۔
اقبالی بیان میں نمرہ نے مزید کہا تھا کہ 18 مئی کو ہم نے خریداری کی جس کے بعد ہمارا نکاح ہوا، میں 18 سال کی بالغ لڑکی ہوں اور اپنے شوہر کے ساتھ جانا چاہتی ہوں، والدین کے ساتھ نہ بھیجا جائے۔