آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ اس بار امریکا اور ویسٹ انڈیز کے میدانوں پر سجایا گیا ہے۔ امریکا پہلی بار کرکٹ کے کسی میگاایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے عارضی اسٹیڈیم کی تعمیر
امریکا کو 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی ملی تو کرکٹ کے نئے اور جدید اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 2023 میں آئی سی سی نے امریکا کے 3 وینیوز کو شارٹ لسٹ کیا۔ جس میں سے نیویارک کی نساؤ کاؤنٹی میں ایک عارضی اسٹیڈیم بھی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
امریکا میں انٹرنیشنل اسٹینڈرز کے اسٹیڈیم نہ ہونے کے باعث عارضی اسٹیڈیم کی تعمیر کی گئی۔ رواں برس جنوری میں اس اسٹیڈیم کی تعمیر شروع ہوئی اور چند ماہ میں ہی اسے مکمل کرلیا گیا۔
آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ اسٹیڈیم لاس ویگاس فارمولا ون سرکٹ کے انفراسٹرکچر کی طرز پر بنایا گیا ہے اور اس میں استعمال ہونے والی ڈراپ ان پچز فلوریڈا میں تیار ہوئی ہیں۔
نساؤ اسٹیڈیم کی تعمیر میں کتنا خرچہ آیا؟
نساؤ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش 34 ہزار ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسٹیڈیم کی تعمیر میں 30 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔ نیویارک کا نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لئے ہی تعمیر کیا گیا اور اس اسٹیڈیم میں پہلے کبھی کوئی میچ نہیں کھیلا گیا۔
نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح
نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح 15 مئی کو جمیکا کے مایہ ناز ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کیا۔ افتتاح کے موقع پر سابق کپتان شعیب ملک، ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار کھلاڑی کرٹلی ایمبروز بھی موجود تھے۔
نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں کتنے میچز کھیلے جائیں گے؟
نساؤ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مجموعی طور پر 9 میچز کھیلے جائیں گے جس میں ایک وارم اپ میچ شامل ہے۔ دیگر 8 میچز گروپ مرحلے کے ہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ٹاکرا بھی اسی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مجموعی طورپر 20 ٹیمیں شریک ہیں۔ ان میں سے پاکستان ، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، جنوبی افریقہ، آئرلینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈز اور میزبان امریکا کی ٹیمیں اس اسٹیڈیم میں کھیلیں گی۔