راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کئے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سنجیدہ لیا ہے
غیر ملکی ویب چینل کا انٹرویو دیتے ہوئےترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں۔ جن کے ذریعے وہ سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے، مگر ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے۔سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے خاص طور پردو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ 8 نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں، ہمارے چینی پارٹنرز سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی کے انتظامات سے مکمل مطمئن ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو نام نہاد پاکستانی مداخلت سے جوڑ دیا جائے، بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتا ہے۔