Search
Close this search box.

نابینا موذن سے جعل سازی کرنے والے چور نے بائیک رائیڈر سے موبائل فون واپس بھجوادیا

کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی مسجد میں نابینا موذن سے جعل سازی کرنے والے چور کی میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد غیرت جاگ گئی۔ چور نے آن لائن رائیڈ بک کرا کر موذن کو موبائل واپس بھجوادیا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق بائیک رائیڈر کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال سے رات گئے حسن لیاقت نامی شخص نے ڈلیوری کیلئے رائیڈ بک کرائی۔ رائیڈ بک کرانے والے شخص نے موذن کو موبائل فون بھجوایا۔

بائیک رائڈر کا کہنا ہے کہ مجھے حیرت ہوئی کہ اتنا مہنگا موبائل کیسے بائیک رائڈر کے حوالے کر رہا ہے، جب موبائل فون مؤذن کے حوالے کیا تو واقعے کا علم ہوا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے بلاک ون میں نابینا مؤذن سے ملزم موبائل فون دھوکے سے لے کر فرار ہو گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

متاثرہ مؤذن نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 2 روز قبل عصر کے وقت ایک شخص میرے پاس آیا، مجھے اس شخص نے کہا کہ اپنا موبائل فون دو میں آپ کی نعت ریکارڈ کروں گا۔

متاثرہ مؤذن نے بتایا کہ مذکورہ نامعلوم شخص میرا 1 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔ جبکہ موبائل سے آن لائن اکاؤنٹ سے 35 ہزار روپے بھی نکال لئے تھے۔

واقعے کی  سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور مؤذن نے پولیس میں رپورٹ بھی درج کروائی تھی۔ موذن کا ویڈیو پیغام بھی منظر عام پر آیا اور سی سی ٹی وی فوٹج میں چور کا چہرہ بھی واضح تھا جسکے بعد شرمندہ ہوکر چور نے موبائل واپس بھجوادیا۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں