پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس لینے کے اقدام پر سندھ حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی میونسپل ٹیکس کے نام کسی صورت کے الیکٹرک کو تاوان نہیں دے گا۔
چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اہلیان کراچی بھپر گئے تو حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری ملک چلانے والوں پر ہوگی۔ جنہوں نے پیپلز پارٹی کی کرپٹ اور متعصب سندھ حکومت کو پاکستان کی معاشی شہ رگ گھونٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت جانتی ہے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پیپلزپارٹی کے الیکٹرک کے ساتھ ملکر ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جنہیں قوم نے ووٹ دے کر اپنا چوکیدار منتخب کیا وہ چوروں کیساتھ ملکر ناصرف کراچی کو کے الیکٹرک کے ظلم سے نجات نہیں دلوا رہے بلکہ کراچی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
چیئرمین پی ایس پی نے ایک بار پھر کہا کہ وہ اس شہر کے ڈاکٹر ہیں انہیں محکموں کو ٹھیک کرنا آتا ہے۔ انہیں موقع دیا جائے تو وہ شہر کے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔ ماضی میں بھی وہ ایسا کرکے دکھاچکے ہیں۔