دعا زہرہ کراچی سے لاہور پہنچ کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کی جانب سے شوہر کے ہمراہ نیا انٹرویو دیا گیا جس پر دعا کے والد مہدی کاظمی کا بھی ردِ عمل سامنے آ گیا ہے۔
مہدی کاظمی کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ کل کا انٹرویو سب جھوٹ کا پلندا تھا، مجھے اس کا اندازہ تھا کہ اس قسم کی ویڈیو سامنے آئیں گی، اور ہو سکتا ہے کچھ دنوں میں مزید ویڈیوز سامنے آ جائیں۔
دعا زہرا کے والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی اس وقت ایک مافیا کے ہاتھوں میں ہے، وہ جو چاہے اُسے پہنا کر بٹھا دیں اور جو کہلوا لیں، میری بیٹی پریشر میں ہے۔ ہم اب سپریم کورٹ جا رہے ہیں، یہ سب اب پھر سے غائب ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا جو خاتون میری بیٹی کا انٹرویو لے رہی ہے اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ پہلے دن سے دعا زہرا کے ساتھ رابطے میں تھیں، اُنہیں بہت جَلد عدالت سے نوٹس مل جائے گا، پھر وہ خاتون خود سے کہیں گی کہ میرا تو اِن سے کوئی تعلق نہیں ہے، میں نہیں جانتی یہ جوڑا کہاں ہے۔
گزشتہ روز دعا زہرا کا شوہر ظہیر احمد کے ساتھ نیا انٹرویو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا، دعا زہرا اور ظہیر احمد کا عدالتی فیصلے کے بعد دیا گیا یہ پہلا انٹرویو تھا۔
انٹرویو میں دعا زہرا کو اپنے شوہر ظہیر احمد کی تعریف، شادی کو سچی محبت اور شوہر کے ساتھ خوش رہنے سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دعا زہرا نے انٹرویو کے دوران خود کراچی سے بذریعہ ٹیکسی لاہور پہنچنے اور پسند سے شادی کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
واضح رہے دعا زہرہ کراچی کے علاقہ الفلاح سے لاپتا ہوئی جسکے بعد اسکے شادی کئے جانے کا انکشاف ہوا۔ گزشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرہ کو بہاولپور سے بازیابی کے بعد پیش کیا گیا جہاں اس نے اپنی مرضی سے جانے اور خوشی سے شادی کئے جانے کا بتایا۔
دعازہرہ نے اپنے شوہر کے ساتھ جانے کی خواہش ظاہر کی اور عدالت نے بھی دعا زہرہ کو اپنی مرضی سے فیصلہ لینے کی اجازت دے دی تھی۔