پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے میئر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے والے مزید چھ ارکان کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے گیارہ رکنی انکوائری کمیٹی کی سفارش پر مزید چھ چیئرمینوں کی پارٹی رکنیت کی برخاستگی کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔
چھ بلدیاتی نمائندوں میں صدر ٹاؤن سے محمد علی رضا، عمران پاروانی، کورنگی سے سلمان خان، کیماڑی سے عبدالمعید، اورنگی ٹاؤن سے ملک اختر، فرنٹیئر کالونی سے محمد ادریس شامل ہیں۔ تمام اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے لئے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل گیارہ چیئرمینوں کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر پارٹی سے نکال دیا تھا۔ بقیہ اراکین جن کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، انکوائری کمیٹی ان کی چھان بین کر کے سفارشات پارٹی صدر کو بھجوائے گی۔