عید قرباں قریب آتے ہی کراچی میں سپرہائی وے پر سب سے بڑی مویشی منڈی لگ گئی ہے۔ جہاں دیگر شہروں سے مویشیوں کی فروخت کیلئے بیوپاریوں کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سپرہائی وے سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشیاں منڈیوں پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
سیکیورٹی کے مجموعی امور میں پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے ساتھ روابط کو پیش نظر رکھا جائے، غیرقانونی مویشیاں منڈیوں کے خلاف ہر سطح پر جملہ اقدامات کو مؤثر بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سپرہائی وے مویشی منڈی کو جانے اور آنیوالے تمام مرکزی راستوں ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سے سروے کیا جائے اور جرائم سے ممکنہ طور متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندہی کے تحت چھاپہ مار کارروائیوں کو کامیاب بنایا جائے۔
مویشیوں کو لیکر جانیوالی مختلف گاڑیوں، مویشیوں کےبیوپاریوں کی سیکیورٹی کیلئے ہائی ویز و دیگر شاہراہوں پر تھانوں کی سطح پر پیٹرولنگ پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق مویشیاں منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کیلئے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ کار، موٹرسائیکل پارکنگ لاٹس پر بھی حفاظتی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات کئے جائیں۔