کراچی سمیت میں سندھ بھر میں کل سے ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کل سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا بھی کہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں بالائی اوروسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔ 14 جولائی سےمون سون کا مضبوط سسٹم سندھ میں داخل ہوسکتا ہے، یہ سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں کل شام سے بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اندرون سندھ میں کل صبح سے بارشیں ہوسکتی ہیں۔
کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، نوابشاہ اور دیگر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، تیز بارشوں کے باعث کیرتھر رینج میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں اگلے 3 سے 4 دن اچھی بارشیں ہوسکتی ہیں، شہر قائد میں 60 سے 70 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ 5 سے 11 جولائی تک شہر میں 342 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، کراچی میں آئندہ مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 30 جون سے اب تک ملک بھر میں معمول سےزیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔