پاکستان میں تقریباً ہر دوسرا شخص ہی موبائل فون کا استعمال کرتا ہے۔ موبائل فون پر صارفین کو اکثر ان چاہے اور پیغامات اور فون کالز کی شکایات کا سامنا رہتا ہے۔
یہ ان چاہی کالز اور پیغامات فراڈ کرنے والوں کی جانب سے بھی بھیجے جاتے ہیں جبکہ ٹیلی مارکیٹنک کمپنیاں بھی فون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے پراڈکٹ کی تشہیر کرتی رہتی ہیں
فراڈ کرنے والے فون کالز اور ایم ایس ایم کے ذریعے مختلف طریقوں سے رابطہ کرتے ہیں۔ جیسا کہ مبارک ہوا جیتو پاکستان میں آپکا انعام نکلا ہے۔ درج ذیل نمبر پر کال کریں اور انعام حاصل کریں۔
بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں آپکو پیسے ملیں ہیں۔ ابھی اس نمبر پر کال کرکے اپنی رقم حاصل کریں۔ فراڈ کرنے لالچ دے کر ای میلز یا ایس ایم ایس میں مختلف لنک بھیج کر ان پر کلک کرکے فارم بھرنے کو کہتے ہیں اور تمام ذاتی معلومات حاصل کرلیتے ہیں۔
ایسی تمام فون کالز اور پیغامات کو بلاک کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس سلسلے میں خصوصی سروسز متعارف کروارکھی ہیں۔ جس پر عمل کرکے نہ صرف ان فراڈ پیغامات اور فون کالز سے بچا جاسکتا ہے بلکہ تشہیر کیلئے آنے والے پیغامات اور فون کالز کو بھی بلاک کیا جاسکتا ہے۔
ڈو ناٹ کال رجسٹر (ڈی این سی آر)
پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی مارکیٹنگ کمپنیوں کے ایس ایم ایس اور فون کالز کو بلاک کرنے کیلئے صارف کو پی ٹی اے کی سروس ڈو ناٹ کال رجسٹر جسے ڈی این سی آر کہا جاتا ہے اس میں اپنا نمبر رجسٹر کرانا ہوگا۔
ڈی این سی آر میں صارف کو اپنا نمبر رجسٹر کرانے کیلئے ایس ایم ایس پیغام میں Reg لکھ کر یہ پیغام 3627 پر بھیجنا ہوگا اور اسکے بعد اس نمبر پر ٹیلی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے تشہیر کیلئے بھیجے جانے والے پیغامات اور فون کالز مذکورہ نمبر پر موصول نہیں ہوں گی۔
مخصوص برانڈ کے ایس ایم ایس بلاک کرنے کا طریقہ
اگر کوئی صارف صرف ایک مخصوص برانڈ کی جانب سے موصول ہونے والا ایس ایم ایس بلاک کرنا چاہتا ہے تو اسے ڈین این سی آر میں رجسٹر ہونے کی ضرورت نہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ہر برانڈ کی جانب سے موصول ہونے والی تشہیر کے ایس ایم ایس میں ایک شارٹ کوڈ موجود ہوتا ہے جس پر ایس ایم ایس کرکے اس مخصوص برانڈ کے پیغامات کو بلاک کیا جاسکتا ہے۔
اسکے لئے صارف کو اپنے ایس ایم ایس میں Unsub لکھنا ہوگا اور پھر یہ ایس ایم ایس موصول ہونے والے برانڈ کے شارٹ کوڈ پر بھیجنا ہوگا اور پھر اس برانڈ کا ایس ایم ایس صارف کو دوبارہ موصول نہیں ہوگا۔
ان چاہے اور ناپسندیدہ ایس ایم ایس سے نجات
پی ٹی اے کے مطابق اگر باقاعدہ کسی فون نمبر سے صارف کو ان چاہے اور ناپسندیدہ پیغامات موصول ہوتے ہیں تو ایسے پیغامات کو بلاک کرنے کیلئے ایس ایم ایس میں پیغام بھیجنے والے کا فون نمبر ٹائپ کریں، ایک اسپیس دیں اور جو پیغام موصول ہوا ہے اس وصول شدہ پیغام کو ٹائپ کریں اور اسے 9000 پر ایس ایم ایس کردیں۔
نامناسب اور نامعلوم کالز اور ایس ایم ایس بلاک کرنے کا طریقہ
پی ٹی اے کے مطابق نامناسب اور نامعلوم کالز اور ایس ایم ایس بلاک کرنے کیلئے جاز اور یوفون کے صارفین اپنے موبائل سے *420# ڈائل کریں جبکہ زونگ اور ٹیلی نار کے صارفین 420 ڈائل کرکے نامناسب کالز اور ایس ایم ایس کو رپورٹ کرسکتے ہیں اور ایسے نمبرز کو بلاک کرسکتے ہیں۔
واضح رہے پی ٹی اے کی یہ سروس مفت نہیں ہے بلکہ ان سروس کے استعمال پر قابل اطلاق ٹیکس اور نرخ لاگو ہوں گے۔