کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے عوامی سہولت کیلئے ملیر میں ڈپٹی کمشنر ملیر کمپلیکس آفس کا افتتاح کر دیا ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق ڈی سی کمپلیکس مرکزی جگہ پرتعمیر کیا گیا اور یہاں ملیر کے تمام علاقوں سے عوام آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔
ڈی سی ملیر کمپلیکس کی لاگت 354.162 ملین روپے ہے، کمپلیکس کے ساتھ ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کار کے لئے رہائشی سہولیات کی تعمیر بھی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔
محمد اقبال میمن نے کہا کہ ڈی سی کمپلیکس مرکزی جگہ پر تعمیر کیا گیا ہے، ملیر کے تمام علاقوں سے عوام آسانی سے پہنچ سکتی ہے، ضلعی انتظامیہ کے دفاتر ایک جگہ قائم کرنے سے ملیر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے کمپلیکس میں پیپلز فیسلیٹیشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، ڈی سی جنوبی کمپلیکس کے بعد آج ڈی سی ملیر کمپلیکس کھول دیا گیا ہے، جلد ضلع شرقی ڈی سی کمپلیکس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر آفس غلام سرور چاچڑ ، ایڈیشنل کمشنر ملیر، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع ملیر کے مختیار کار نے شرکت کی۔