متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے کنوینئر خالدمقبول صدیقی نے مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ بہادرآباد مرکز پر ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس میں ایم کیوایم لندن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان ہی اصل ایم کیوایم ہے۔ 22 اگست 2016 کو ہم نے پاکستان میں سیاسی تاریخ رقم کی تھی، ملک کی امن و سلامتی کی خاطر ہم نے اپنے لیڈر کو خیرباد کہا تھا۔
خالدمقبول صدیقی نے گزشتہ اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں میں الطاف حسین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم لندن کی شہر میں ریلی نکلی اس کے پیچھے سازش نظر آتی ہے۔
درجن بھر لوگ ایم کیو ایم لندن کے نام پر اس شہر کے امن کو خطرے سے دو چار کر رہے ہیں، ہم نے اس پانچ سال میں کراچی میں امن قائم کیا، چند درجن لوگ شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی عوام حوصلہ رکھیں اور کسی منفی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں، اداروں سے مطالبہ ہے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ انصاف کریں۔
کنوینیئر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم غیر جانبدار انتخابات کو ہی انتخابات سمجھتے ہیں، عام انتخابات نئی مردم شماری، نئی حلقہ بندیوں اور نئی ووٹر لسٹوں کے ساتھ وقت پر ہی ہونے چاہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور مسلم لیگ ن سے ہم مخاطب ہیں، وفاقی حکومت اور مسلم لیگ ن کا بڑے مشکل وقت میں ساتھ دیا ہم نے وفاقی حکومت کا ساتھ دیا ہم نے آپ سے ہی معاہدہ کیا تھا اور ہم نے وزیراعظم بنواکر اپنے وعدے سو فیصد پورے کئے۔
ہم اب بھی اپنے مطالبات پورے ہونے کے منتظر ہیں، ہم پاکستان بھر میں ایسی جمہوریت دیکھنا چاہتے ہیں جس کے ثمرات عام پاکستانیوں کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے حقوق پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں، کراچی میں پولیس امپورٹ کی گئی ہے، جاتی ہوئی حکومت 30 سے 35 ہزار لوگوں کو بلدیات میں نوکریاں دینے کی بات کر رہی ہیں، اداروں سے کہتے ہیں جمہوریت کیخلاف اس سازش کو ناکام بنانے میں کردار ادا کریں۔