ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آٹے اورچینی سمیت بائیس اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ 10 اشیا سستی ہوئیں اور 19 کے نرخوں میں استحکام رہا ۔
ادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 12 روپے 11 پیسے بڑھ کر اوسط ایک ہزار 234 روپے 18 پیسے ہوگئی ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں7 روپے 30 پیسے اضافے کے بعد اوسط فی کلو قیمت 221 روپے77 پیسے فی کلو ہو گئی، ایک ہفتے میں گھی 2 روپے 45 پیسے فی کلو مہنگا ہوکر 345 روپے 11 پیسے فی کلو ہوگیا جب کہ انڈے 5 روپے 29 پیسے فی درجن مہنگے ہوگئے۔
اس کے علاوہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 48 روپے 32 پیسے بڑھی جب کہ بیف، مٹن اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، بجلی کی قیمت بھی 43 پیسے فی یونٹ بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حالیہ ہفتے ٹماٹر 12 روپے 47 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ پیاز 4 روپے 55 پیسے، آلو 2 روپے لہسن 4 روپے 20 پیسے سستا ہوا، دال مونگ 4 روپے 3 پیسے دال چنا 1 روپے 83 پیسے سستی ہوئی، دال ماش 2 روپے 14 پیسے دال مسور 6 پیسے فی کلو سستی ہوئی، حالیہ ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلام آباد کے آبپارہ چوک پر حالیہ مہنگائی کی بڑھتی شرح کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں شریک پی پی پی رہنما نئر بخاری کا کہنا تھا کہ موجودہ نا اہل حکومت نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، آٹا، چینی، ادویات غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔