پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفٰی کمال نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اب کراچی کے امن کے ذمہ دار ہم نہیں ہوں گے۔ انکے کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا تو کہ شہر بھر کی سڑکوں پر احتجاج ہوگا۔
مصطفٰی کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انتہائی غم و غصہ کو اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حلقے این اے 240 کے الیکشن میں جو کچھ ہوا سب جانتے ہیں، ضمنی انتخابات میں فائرنگ ہمارے کارکنوں پر ہوئی اور ہمیں ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پی ایس پی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ دفتر کے اندر میں اور انیس قائم خانی تھے وہاں فائرنگ کی گئی، اس واقعے میں ہمارا ایک ساتھی جاں بحق ہوا تھا، انہوں نے دہشتگردوں کو پکڑنے کے بجائے اپنی مرضی سے مقدمہ درج کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے الیکشن کمیشن میں بیان دیا کہ میں نے توڑ پھوڑ کی، ایس ایس پی کورنگی نے الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا ہے، ہمیں مارا گیا اور ہمارے ہی 16 ساتھیوں پر دہشتگردی کا مقدمہ ڈال دیا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے تنبیہ کی کہ انکے کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے اگر 24 گھنٹوں میں کارکن رہا نہ ہوئے تو کل وہ سڑکوں پر ہوں گے۔ کراچی میں شہر بھی کی سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔