انتخابات کے بعد حکومت کی تشکیل کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دورحکومت میں پی ڈیم ایم میں شامل بیشتر جماعتوں نے اس بار بھی ملکر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو حکومت میں شامل ہونے کی بھی دعوت دی ہے اور ایم کیوایم پاکستان کو کابینہ میں 6 وزارتوں کی پیشکش کی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی میں ایم کیو ایم کی حمایت کا خیر مقدم کیا اور وزارت میں آئی ٹی، اوورسیز پاکستانی، پورٹ اینڈشپنگ، صحت کے علاوہ دیگر وزارتوں کی پیشکش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ میں ایم کیوایم پاکستان کو کی گئی آفر میں 4 وفاقی وزیر، ایک وزیر مملکت اور ایک مشیر شامل ہے۔ مسلم لیگ ن کی پیشکش پر ایم کیوایم کی جانب سے ابھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے زرائع کا کہنا ہے کہ جب تک ایم کیوایم پاکستان کی آئینی ترامیم کو آئین کو حصہ نہیں بنایا جائے گا اس وقت تک کابینہ میں شمولیت انکے لئے مشکل ہوگی۔