ملکہ کوہسار مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لئے پاک فوج ۔ پولیس اور ریسکیو اداروں کا آپریشن جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے مری کی 90 فیصد سڑکیں کلیئر کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ پنجاب پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایکسپریس ہائی وے مکمل طور پر کلیئر ہے گلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق کل تک مری میں 33 ہزار 745 گاڑیاں موجود تھیں، جن میں سے 33 ہزار 373 گاڑیوں کو ریسکیو کرکے نکالا جاچکا ہے۔گاڑیوں میں پھنسے بچوں اور فیملیز کو سرکاری گیسٹ ہاؤس اور محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ شہریوں کو خوراک ،ادویات اور گرم کپڑوں سمیت دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں ۔ مری جانے والے اہم راستوں سترہ میل ٹول پلازہ ، پھلگراں ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ سے داخلہ پر نفری تعینات ہے۔ ایمبولینسوں سمیت تمام ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو مری میں داخلے اور نکلنے کی اجازت ہے۔