پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مردم شماری کا عمل جاری ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق کراچی کے 1 کروڑ 86 لاکھ سے زائد افراد کو گنا جاچکا ہے۔
ملک بھر میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کی جارہی ہے۔ شہرقائد میں بھی مردم شماری کا عمل جاری ہے اور مردم شماری میں 4 مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد شمار میں کراچی کی آبادی 1 کروڑ 86 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ کراچی کی آبادی میں گزشتہ 23 دنوں کے دوران 26 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ ادارہ شماریات کے مطابق حیدرآباد کی آبادی ایک کروڑ 21 لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی اور لاڑکانہ میں اب تک 80 لاکھ 55 ہزار افراد گنےجاچکے ہیں جب کہ سکھرڈویژن میں اب تک 63 لاکھ 34 ہزار افراد شمار ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ شہید بے نظیر آباد میں 60 لاکھ 75 سے زائد افراد کی گنتی ہوئی ہے اور میرپورخاص ڈویژن کی آبادی 50 لاکھ 51 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔