محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو کی پیش گوئی، کراچی کے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈز قائم

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر شہروں میں 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ممکنہ ہیٹ ویو کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈز قائم کردیے گئے ہیں۔

جناح اسپتال

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے سب سے بڑی سرکاری جناح اسپتال میں 20 بستروں پر مشتمل ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کردیا گیا ہے جہاں گرمی سے متاثرہ یومیہ 8 سے 10 مریض آرہے ہیں جن میں سے 4 سے 5 مریض تشویشناک حالت میں آرہے ہیں جبکہ 1 سے 2  مریضوں کو داخل کیا جا رہا ہے۔

سول اسپتال

سول اسپتال کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے لیے 8 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ قائم کیا گیا۔ تشویشناک حالت میں آنے والے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی نگہداشت کے لیے علیحدہ سے 10 بستروں پر مشتمل وارڈ قائم کیا گیا ہے۔

سول اسپتال میں یومیہ تقریبا 30 سے 35 مریض بخار،دل گھبرانے اور چکر آنے کی علامات کے ساتھ آرہے ہیں،گرمی سے امراض قلب میں مبتلا افراد اور بزرگ افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

عباسی شہید اسپتال

عباسی شہید اسپتال میں 8 بستروں پر مشتمل وارڈ بنایا گیا ہے جس میں اے سی،ٹھنڈا پانی،ڈرپس اور آکسیجن سمیت دیگر طبی سہولیات موجود ہیں،اسپتال میں یومیہ 10 سے 15 مریض ہیٹ ویو سے متاثر ہوکر آرہے ہیں جنہیں طبی امداد کے بعد ڈسچارچ کردیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین نے کہا کہ شہری زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔اگر دل گھبرائے ،بخار محسوس ہو اور چکر یا متلی محسوس ہو تو فوراً اسپتال آئیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts