کراچی سمیت سندھ بھر کے شہریوں کیلئے راحت کی خبر آگئی۔ محکمہ موسمیات نے شہرقائد سمیت سندھ بھر میں گرمی میں کمی کا امکان ظاہر کردیا۔ کراچی میں تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جسکے اثرات کراچی سمیت سندھ بھر میں دیکھے جائیں گے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج سے گرمی میں کمی کا امکان ہے۔ شہرقائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئی ہیں۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہے ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد ہوا کی سمت تبدیل ہوسکتی ہے، شہر میں تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چلنے کا امکان ہے جبکہ مطلع بھی جزوی طور پر آبر آلود رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔