ملک کے بیشتر شہروں میں جہاں ان دنوں شدید اور درمیانی درجے کی بارش کا سلسلہ جاری ہے وہیں محکمہ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اگلے تین روز سے گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم رہے گا، اس دوران درجۂ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی، جبکہ شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں شہر قائد میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ پری مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم سندھ سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سسٹم کے تحت سندھ کے مشرقی حصے میں کہیں کہیں بارش کا امکان رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں جون کے آخری ہفتے یا جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون کی بارشوں کا امکان ہے۔ گرم موسم کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں سے غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے اور ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔