دوہزاراکیس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو پی سی بی کا سالانہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈز کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب پی سی بی کے اعلان کردہ ایک آزاد پینل نے کیا جس میں سابق کپتان راشد لطیف ، مرینہ اقبال ، براڈ کاسٹر طارق سعید ، کرکٹ میں اعداد و شمار کے ماہر مظہر ارشد ، صحافی عبدالماجد بھٹی ، محمدیعوب، محی شاہ ، رضوان علی ، شاہد ہاشمی اور سہیل عمران شامل تھے۔
1) سال کا سب سے قیمتی کرکٹر
پی سی بی کا سب سے بڑا ایوارڈ محمدرضوان کے نام رہا۔ محمدرضوان کو دوہزار اکیس میں بہترین کارکردگی پر 2021 کے سب سے قیمتی پلیئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ محمدرضوان نے دوہزاراکیس میں تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کئے۔ اسکے ساتھ ٹیسٹ فارمیٹ میں رضوان نے 455 ، ون ڈے فارمیٹ میں 134 اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریکارڈ ساز 1326 رنز اسکور کئے۔اس ایوارڈ کے لئے محمدرضوان کےساتھ شاہین شاہ آفریدی ۔ بابراعظم اور حسن علی نامزد تھے۔
2) ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر
محمدرضوان کو 2021 کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ گزشتہ سال محمدرضوان کے لئے سب سے یادگار رہا۔ رضوان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریکارڈز کے انبار لگائے۔ محمدرضوان نے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 1326 رنز اسکور کئے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ائیر کےلئے رضوان کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی۔ شاداب خان اور حارث رؤف نامزد تھے۔
3) ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پی سی بی کا ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا۔ بابراعظم نے 2021 میں 6 ون ڈے میچز میں 405 رنز اسکور کئے۔ جس میں دو سینچریاں بھی شامل تھیں۔ بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیرئیر کی سب سے بڑی 158 رنز کی اننگز بھی گزشتہ سال کھیلی تھی۔ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے لئے بابراعظم کا فخرزمان ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی سے مقابلہ تھا۔
4) ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر
فاسٹ باؤلرحسن علی 2021 کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار پائے۔ حسن علی نے 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن نے 5 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ حسن نے بیٹنگ میں 144 رنز بھی اسکور کئے۔ ٹیسٹ کرکٹر ایوارڈ کے لئے عابدعلی ، فواد عالم اور شاہین شاہ آفریدی نامزد تھے۔
5) سب سے متاثر کن کارکردگی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کا یادگار اور تاریخی اسپیل سب سے متاثر کن کارکردگی کے ایوارڈ کا اہل قرار پایا۔ بھارت کےخلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جسکی اہم بات روہت شرما اور لوکیش راہل کی ابتدائی وکٹیں تھیں۔ متاثر کن کارکردگی ایوارڈ کی کیٹگری میں محمدرضوان ، حسن علی اور فوادعالم کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
6) ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر
محمدوسیم جونیئر 2021 کے ایمرجنگ کرکٹر کا ایوارڈ لے اڑے۔ محمدوسیم جونیئر نے گزشتہ سال پاکستان کےلئے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔اسکے علاوہ پی ایس ایل کے 11 میچز میں 12 وکٹیں ، قائداعظم ٹرافی کے 2 میچز میں 6 وکٹیں، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 5 میچز میں 5 وکٹیں اور پاکستان کپ کے 6 میچز میں 7 وکٹیں محمدوسیم جونیئر کے نام پر ہیں۔ محمدوسیم جونیئر کےساتھ اس کیٹگری میں شاہنواز داہانی، اعظم خان اور ارشداقبال نامزد تھے۔
7) ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر
ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ خیبرپختونخوا ٹیم کےلئے کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان کے نام رہا۔ صاحبزادہ فرحان نے گزشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ میں 1869 رنز اسکور کئے۔ ڈومیسٹک کرکٹر کے ایوارڈ کےلئے افتخاراحمد ، آصف آفریدی ، محمدہریرہ اور طیب طاہر کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
8) ویمن کرکٹر آف دی ایئر
ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ ندا ڈار کے نام رہا۔ ندا ڈار نے 10 ون ڈے میچز میں 363 رنزبنائے اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ندا نے 95 رنزبنانے کےساتھ 7 پلیئرز کو آؤٹ کیا جبکہ پاکستان ویمنز کپ میں نداڈار نے 146 رنزبنائے اور 14 وکٹیں حاصل کیں۔ندا ڈار کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کےلئے عالیہ ریاض ، انعم امین ، فاطمہ ثناء سے مقابلہ تھا۔
9) امپائر آف دی ایئر
پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو بہترین امپائر کےایوارڈ کا حقدار قرار دیا۔ آصف یعقوب میں مسلسل دوسرے سال بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
10) اسپرٹ آف کرکٹر
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں کامیابی کےبعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے نمیبیا ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا اور ورلڈایونٹ میں متاثرکن کارکردگی پر نمیبیا کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ پاکستان ٹیم کے اس عمل کو اسپرٹ آف کرکٹ کا لمحہ قرار دیا گیا۔