اسرائیل نے جنگی جنون میں رمضان کے مقدس مہینے کا بھی احترام نہ کیا۔ رمضان المبارک میں بھی اسرائیل نے غزہ پر راکٹ برسادئے۔ تازہ حملوں میں 67 فلسطینی شہید ہوگئے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے ماہ رمضان میں بھی جاری ہیں، شمالی غزہ، خان یونس اور رفح میں بمباری سے مشہور فلسطینی فٹبالر محمد برکت سمیت 67 فلسطینی شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت سے مزید دو بچے دم توڑ گئے، جس کے بعد غذائی قلت سے شہید بچوں کی تعداد 27 ہوگئی۔ اسرائیلی فوج نے سیکڑوں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے بھی روک دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اتوار کی رات ماہ رمضان کی پہلی تراویح کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے سخت ناکہ بندی کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ جانے والے راستوں کو بند کردیا تھا۔ اسرائیلی پابندی کے باوجود متعدد فلسطینی نماز تراویح کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے میں کامیاب رہے۔