Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ماسٹرز پروگرام کی بندش، جامعہ کراچی میں داخلوں کی شرح 25 فیصد کم ہوگئی

اعلٰی تعلیمی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ماسٹر پروگرام ختم کرنے اور گریجویٹ طلبا کو دوبارہ بیچلر کرانے کے فیصلہ کے بعد طلبا کا داخلوں میں رحجان کم ہوگیا ہے۔ جامعہ کراچی میں داخلوں کی شرح 25 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔

 

طلبا کا موقف ہے کہ کالجز سے گریجویشن کی ڈگری لینے کے بعد بیچلر کی مزید ایک اور ڈگری کیوں لیں ؟ جسکے باعث طلبا کی داخلوں میں دلچسپی بھی کم نظر آتی ہے۔

 

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماسٹرز ڈگری ختم ہونے کے بعد اسکی جگہ بی ایس تھرڈ ایئر میں اس سال داخلوں کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد تک کم ہوئی ہے۔ کچھ شعبوں میں شرح 50 فیصد تک بھی کم ہوئی جبکہ چند شعبے ایسے بھی جس میں ایک بھی طالب علم نے داخلہ نہیں لیا۔

 

ایکسپریس پر شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے کُل 54 شعبوں میں 1213 طلبا نے بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلہ لیا ہے گزشتہ سال 1601 طلبا نے داخلہ لیا تھا۔

 

جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں گزشتہ سال 102 داخلوں کی نسبت اس بار 53 داخلے ہو سکے، اسی طرح شعبہ زولوجی میں گزشتہ برس کے 44 داخلوں کی نسبت اس برس 24 داخلے ہوئے۔ شعبہ اردو میں داخلوں کی تعداد 30 سے کم ہوکر 15 ہوگئی جبکہ شعبہ انگریزی میں گزشتہ برس کے 64 داخلوں کی نسبت 51 داخلے ہوئے۔

 

شعبہ فلسفہ میں صرف ایک طالب علم نےداخلہ لیا گزشتہ سال 8 طالب علموں نے داخلہ لیا تھا۔ اسی طرح شعبہ فزیالوجی میں گزشتہ برس 20 داخلے تھے تاہم اس برس کوئی داخلہ نہیں ہوا، شعبہ اکنامکس میں گزشتہ برس 54 جبکہ اس برس 34 طلبہ نے داخلہ لیا، شعبہ بین الاقوامی تعلقات (انٹرنیشنل ریلیشن) میں گزشتہ برس 88 اوراس سال 62 داخلے ہوئے شعبہ تاریخ اسلام میں 13 کی نسبت 4 داخل ہوئے۔

 

اپلائیڈ فزکس میں 4 داخلوں کی نسبت کوئی داخلہ نہیں ہوا شعبہ عربی میں گزشتہ برس 5 داخلے تھے اس سال 1 داخلہ بھی نہیں ہوا بائیو کیمسٹری میں 20 کی نسبت 16، بائیو ٹیکنالوجی میں 16 سے کم ہو کر 8، بوٹنی میں 14 سے کم ہوکر9، کمپیوٹرسائنس میں 41 سے کم ہوکر8، انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس میں 7 سے کم ہوکر1، اسپیس سائنس میں 6 سےکم ہوکر  1 ہوگئی۔

 

 اسلامک لرننگ 45 سے کم ہوکر 38، لائبریری سائنس میں 27 سے 20، ریاضی میں 42 سے 32، مائیکرو بیالوجی میں 30 سے کم ہو کر 23، اسپیشل ایجوکیشن میں 25 سے کم ہو کر 8، شماریات میں 10 سے کم ہوکر 6 داخلے ہوئے تاہم کامرس، ماس کمیونی کیشن سائیکولوجی اور اکنامکس اینڈ فنانس میں ماسٹرز سے بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کی شرح گزشتہ برس کی نسبت کچھ حد تک بڑھ گئی۔

 

 انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر پروفیسر شاہ علی القدر  اعلٰی تعلیمی کمیشن کے فیصلہ کو  تعلیم دشمن پالیسی قرار دیتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ  2 سالہ گریجویشن اور ماسٹرز پروگرام بند کر دیا گیا ہے، پرائیویٹ کے ساتھ سرکاری ادارے اب بھی 2 سالہ ڈگری پروگرام کو ہی مانتے ہیں پبلک سروس کمیشن تک ایسے گریجویٹ کو قبول کر رہا ہے لیکن ایچ ای سی سننے کو تیار نہیں۔

 

پرائیویٹ بنیادوں پر بھی گریجویشن بند کردیا گیا ہے جس سے ہزاروں طلبہ پر تعلیم کے دروازے بند ہو گئے ہیں ، انجمن اساتذہ کے صدر کا کہنا تھاکہ وہ اس فیصلہ کے خلاف  پہلے بھی آواز بلند کرچکے ہیں۔

 

 

 

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts