کراچی میں ایک اور خستہ حال عمارت گر گئی، لیاری نیاآباد کے علاقے میں 4 منزلہ بلڈنگ زمین بوس ہو گئی جس کے ملبے کے زد میں آکر ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص منہدم ہونے والے عمارت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوا، جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ جس کی شناخت شاہد کے نام سے کی گئی ہے۔
چار منزلہ عمارت خستہ حالی کے باعث خالی تھی۔ پولیس کے مطابق عمارت کی گیلری کا کچھ حصہ دو روز قبل بارش کے دوران گرا تھا۔ عمارت میں ایک مکینک کی شاپ بھی واقع تھی، جاں بحق شخص ممکنہ طور پر رکشہ ڈرائیور تھا۔
متاثرہ جگہ سے عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ سندھ رینجرز، پولیس اور ریسکیو کے ادارے جائے وقوع پر موجود ہیں۔ حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت نےعمارت گرنےکانوٹس لے لیا اور ڈی سی ساؤتھ کوجائے حادثہ کا دورہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
چیف سیکرٹری نے واقعے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے بھی رپورٹ طلب کرلی اور ایس بی سی اے کو خطرناک عمارتیں خالی کرانے کی ہدایت کردی۔