کراچی چڑیا گھر میں ہتھنی نور جاں کی بیماری کے دوران لاپرواہی کے الزام پر عہدے سے ہٹائے گئے خالد ہاشمی کو چڑیا گھر کا دوبارہ ڈائریکٹر بنادیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کےایم سی نے یکم مارچ کے بعد کے تقرر و تبادلے منسوخ کردیے ہیں۔ جس میں ڈائریکٹرسفاری پارک کنور ایوب کو چڑیا گھر یا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
یکم مارچ کے بعد تقرر و تبادلے منسوخ ہونے کے بعد کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ میں ایک بار پھر تبدیلی آگئی۔ خالد ہاشمی دوبارہ چڑیا گھر کراچی کے ڈائریکٹر تعینات ہوگئے۔
یاد رہے کہ خالد ہاشمی کے دور میں ہتھنی نور جہاں کی بیماری اور علاج میں لاپرواہی کے علاوہ چڑیا گھر میں جانوروں کی خوراک بند ہونے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔
جانوروں کیلئے کھانا فراہم کرنے والی کمپنی نے چڑیا گھر کے سینئر ڈائریکٹر پر رشوت وصولی کا الزام عائد کیا تھا۔ کنٹریکٹر کمپنی کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ تین سال سے خوراک کے واجب الادا 3 کروڑ 46 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی کے باعث کمپنی جانوروں کی خوراک مہیا کرنے سے قاصر ہے، جبکہ سینئر ڈائریکٹر خالد ہاشمی نے رقم کی ادائیگی کے عوض 25 فیصد حصہ طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل 2023 کو کراچی کے چڑیا گھر میں موجود بیمار ہتھنی نور جہاں چل بسی تھی جو کئی ہفتوں سے بیمار تھی۔
اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے ہتھنی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ کئی روز سے ہتھنی نور جہاں بخار میں مبتلا تھی، ہتھنی کو بچانے کے لئے تمام کوششیں کی گئیں۔ کے ایم سی انتظامیہ نے ہرممکن کوشش کی کہ ہتھنی نور جہاں کو بچایا جاسکے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔