پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمدسمیع کراچی میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے محمدسمیع حادثے میں محفوظ رہے اور انہیں زیادہ نقصان نہیں ہوا۔
کراچی میں نیپا چورنگی کے مقام پر محمدسمیع کو گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ فاسٹ باؤلر کو حادثے میں زیادہ چوٹیں تو نہیں آئیں لیکن انہیں ابتدائی جانچ کیلئے نیپا چورنگی سے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
محمدسمیع کی اسپتال میں ڈاکٹرز نے ابتدائی جانچ کی اور انہیں کسی بھی قسم کے خطرے سے باہر قرار دیا۔ محمدسمیع کو اسپتال سے فوری فارغ کردیا گیا۔
ٹیسٹ کرکٹر محمدسمیع کا کہنا ہے کہ حادثے میں انکی گاڑی کو نقصان ضرور ہوا ہے لیکن خوش قسمتی سے حادثے میں وہ بالکل محفوظ رہے ہیں۔
محمدسمیع کا شمار پاکستان کرکٹ کے تیزترین فاسٹ باؤلر میں ہوتا تھا۔ محمدسمیع نے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ پی ایس ایل میں انہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔