فٹبال ورلڈکپ میں آج 4 میچ شیڈول، دفاعی چیمپیئن فرانس اور لیونل میسی کی ٹیم بھی ان ایکشن ہوگی

قطر میں فٹبال ورلڈکپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز کا سلسلہ جاری ہے۔ میگاایونٹ میں آج گروپ سی اور گروپ ڈی کے میچز کھیلے جائیں گے۔ دفاعی چیمپیئن فرانس اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ٹیم بھی ان ایکشن ہوگی۔

آج کا پہلا میچ سہ پہر تین بجے گروپ ڈی میں شامل تیونس اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ آسٹریلیا کو اپنے پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی جبکہ تیونس کا ڈنمارک کے خلاف میچ ڈرا ہوا تھا۔

تیونس اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ماضی میں صرف ایک میچ میں مدمقابل آئی ہیں۔ دوہزار پانچ میں کھیلے گئے میچ میں تیونس نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

آج کا دوسرا میچ گروپ سی میں شامل سعودی عرب اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔ سعودی عرب نے اپنے پہلے میچ میں ارجنٹینا کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پولینڈ اور میکسیکو کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔

فٹبال کی تاریخ میں سعودی عرب اور پولینڈ کی ٹیموں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان آج تک کوئی میچ نہیں ہوا۔

آج کا تیسرا میچ دفاعی چیمپیئن فرانس اور ڈنمارک کے درمیان رات 9 بجے شروع ہوگا۔ فرانس اور ڈنمارک کی ٹیمیں گروپ ڈی میں شامل ہیں۔ فرانس نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو ہرایا تھا جبکہ ڈنمارک کا میچ ڈرا ہوا تھا۔

فرانس کا ڈنمارک کے خلاف ریکارڈ مایوس کن ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ماضی میں 5 میچ کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے 3 ڈنمارک نے جیتے۔ ایک فرانس کے نام رہا اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔

آج کا آخری میچ اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائن اور میکسیکو کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگا۔ ارجنٹائن کی ٹیم اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے اور اس میچ میں بھی شکست انکی گھر واپسی کا ٹکٹ کٹاسکتی ہے۔

ارجنٹائن کی ٹیم میکسیکو کے خلاف اب تک ناقابل شکست ہے۔ دونوں ٹیمیں ماضی میں 5 میچز میں مدمقابل آچکی ہیں اور تمام میچز میں ارجنٹائن نے کامیابی حاصل کی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts