قطر میں فٹبال ورلڈکپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز جاری ہیں۔ میگاایونٹ میں آج گروپ جی اور گروپ ایچ کے میچز کھیلے جائیں گے۔ اسٹار فٹبالر رونالڈو کی ٹیم پرتگال اور برازیل کی ٹیمیں بھی ان ایکشن ہوں گی۔
فٹبال ورلڈکپ میں آج کا پہلا میچ گروپ جی میں شامل سربیا اور کیمرون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں۔
فٹبال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب کیمرون اور سربیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان آج تک کوئی مقابلہ نہیں ہوا ہے۔
عالمی کپ میں آج کا دوسرا میچ گروپ ایچ میں شامل جنوبی کوریا اور گھانا کی ٹیموں کے درمیان شام 6 بجے شیڈول ہے۔ جنوبی کوریا نے یوروگوائے کے خلاف اپنا پہلا میچ ڈرا کیا تھا جبکہ گھانا کو پرتگال کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
جنوبی کوریا اور گھانا کی ٹیمیں بھی پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہونے جارہی ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان بھی آج تک کوئی میچ نہیں ہوا ہے۔
ورلڈکپ کی ہاٹ فیوورٹ برازیل کی ٹیم آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ان ایکشن ہوگی۔ گروپ جی میں شامل برازیل کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم سے ہے۔ برازیل نے اپنے پہلے میچ میں سربیا کو ہرایا جبکہ سوئٹزرلینڈ نے بھی کیمرون کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
برازیل اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ماضی میں 2 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ہی میچز بے نتیجہ رہے۔ 2018 میں دونوں کے درمیان ایک ایک گول سے برابر ہوا تھا جبکہ 1950 میں کھیلے گئے میچ کا اختتام دو دو گول سے برابری پر ہوا تھا۔
ورلڈکپ میں آج کا آخری میچ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کا یوروگوائے کے ساتھ ہوگا۔ گروپ ایچ کا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔
پرتگال اور یوروگوائے کی ٹیمیں اس سے قبل واحد میچ 2018 ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں ہوا تھا جہاں یوروگوائے نے پرتگال کو شکست دے کر عالمی کپ سے باہر کردیا تھا۔