امریکا میں پہلی بار کرکٹ کے عالمی میلے کا انعقاد۔۔۔ امریکا کے تین شہر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کررہے ہیں۔ میگاایونٹ کے لئے نیویارک اور ٹیکساس میں تو کرکٹ کے نئے اسٹیڈیم تعمیر کئے گئے۔
لیکن فلوریڈا میں پہلے ہی کرکٹ اسٹیڈیم موجود ہے جہاں کئی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جاچکے ہیں اور ان میچز میں بھارت، ویسٹ انڈیز، سری لنکا جیسی بڑی ٹیمیں بھی حصہ لے چکی ہیں۔
سینٹرل برو وارڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم کی تاریخ
فلوریڈا کی برو وارڈ کاؤنٹی میں واقع لاؤڈرہل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میدان ابتداء سے ہی صرف کرکٹ کا اسٹیڈیم نہیں تھا بلکہ اس میدان پر رگبی، سوکر اور آسٹریلین رولز فٹبال (Australian Rules Football) بھی کھیلی جاچکی ہے۔
سینٹرل برو وارڈ اسٹیڈیم لاؤڈرہل 2007 میں بنایا گیا تھا۔ 2008 میں پہلی مرتبہ مارٹن لوتھر کنگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز اس میدان پر کھیلے گئے۔
2008 میں ہی اس میدان پر ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں کھیلا گیا جس میں کینیڈا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور ریسٹ آف دی ورلڈ کی ٹیمیں شریک تھیں۔ ان میچز میں پاکستان کے سابق کپتان جاویدمیانداد، بھارت کے محمد اظہرالدین اور ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن بھی ان ایکشن ہوئے۔
2010 میں امریکی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی کی پہلی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز ہوئی۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کی میزبانی فلوریڈا کے اس لاؤڈرہل اسٹیڈیم نے کی۔
لاؤڈرہل کے اسٹیڈیم پر کون کونسی ٹیمیں کھیل چکی ہیں؟
جب سے اب تک اس اسٹیڈیم میں 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ سب سے زیادہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 12 میچ کھیلے ہیں۔
بھارت کی ٹیم اس میدان پر 8 اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 میچ کھیل چکی ہے۔ بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سری لنکا اور میزبان یو ایس اے کی ٹیمیں دو دو مرتبہ لاؤڈرہل اسٹیڈیم میں کھیل چکی ہیں۔ یہ اسٹیڈیم 6 ون ڈے میچز کی بھی میزبانی کرچکا ہے۔
اسٹیڈیم میں کتنے تماشائی میچ دیکھ سکتے ہیں؟
لاؤڈرہل کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش 20 ہزار تھی جسے بڑھا کر اب 25 ہزار تک کردیا گیا ہے۔ اس میدان پر فلڈ لائٹس بھی نصب ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فلوریڈا کے لاؤڈرہل کرکٹ اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 4 میچز کھیلے جائیں گی۔ پاکستانی ٹیم بھی گروپ مرحلے کا ایک میچ اس مقام پر کھیلے گی۔
گرین شرٹس آئرلینڈ کے خلاف گروپ مرحلے کا اپنا آخری میچ 16 جون کو اس اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ اسکے علاوہ نیپال اور سری لنکا، امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان بھی میچ اس اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کینیڈا اور بھارت کی ٹیمیں بھی اس میدان پر میچ کھیلیں گی۔