پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کو سکھرجیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ فردوس شمیم نقوی کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق فردوس شمیم نقوی کو علیل ہونے کے باوجود کراچی سے سکھر جیل منتقل کیا گیا۔ جیل میں فردوس شمیم نقوی کی حالت مزید خراب ہوگئی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق فردوس شمیم نقوی کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے اور انہیں سینے میں بھی درد کی شکایت محسوس ہورہی تھی جسکے بعد فردوس شمیم نقوی کو پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی میں جیل سے ایمبولینس میں سکھر کے این آئی سی وی ڈی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ڈاکٹرز نے فردوس شمیم نقوی کا معائنہ کیا اور اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے عوام سے فردوس شمیم نقوی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے فردوس شمیم نقوی کو گزشتہ روز کراچی سے سکھر جیل منتقل کیا گیا تھا۔ رات کو سینٹرل جیل کے باہر فردوس شمیم نقوی کی اہلیہ اور بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کینسر کے مریض ہیں اور وہ کھانا بھی پرہیزی کھاتے ہیں۔
فردوس شمیم نقوی کی اہلیہ نے کہا کہ ان پر کبھی زندگی میں ایک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی، اب ان پر متعدد مقدمات نامعلوم افراد کے نام پر کاٹ دیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی حالت اچھی نہیں ہے، میری وزیراعلیٰ صاحب سے درخواست ہے آپ اس طرف توجہ دیں اور ہماری گزارش ہے کہ فردوس کو کراچی میں ہی رکھا جائے۔