پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین پر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے باؤلنگ کروانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے محمدحسنین کا باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ محمدحسنین ایکشن کی درستگی تک ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز میں باؤلنگ کے لئے معطل رہیں گے۔
محمدحسنین کی پابندی سے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کو بھی دھچکا لگا۔ حسنین پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کا حصہ تھے۔ فاسٹ باؤلر اب لیگ کے بقیہ میچز میں کوئٹہ کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں بھی حسنین کو اسی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
محمدحسنین کا باؤلنگ ایکشن آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں امپائرز نے رپورٹ کیا تھا۔ حسنین بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کررہے تھے۔ جسکے بعد 21 جنوری کو حسنین نے لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو میکنیک لیب میں باؤلنگ ایکشن کا معائنہ کروایا۔ جسکی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو بھیجی گئی۔
رپورٹ کے مطابق محمدحسنین باؤلنگ کرواتے وقت چند گیندوں میں قانون کے مطابق باؤلنگ نہیں کرواتے۔ حسنین کی گڈ لینتھ ، فُل لینتھ ، باؤنسر اور سلو باؤنسر کرواتے وقت حسنین کے بازو کا خم 15 ڈگری کے حد سے تجاوز کرجاتا ہے۔ جسکے باعث انکے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے حسنین کے باؤلنگ ایکشن پر رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔ پی سی بی نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد محمدحسنین کے باؤلنگ ایکشن کو درست کرنے کے لئے انکے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی باؤلنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو محمدحسنین کے باؤلنگ ایکشن کی درستگی پرکام کرے گا۔ محمدحسنین باؤلنگ ایکشن درست کرکے دوبارہ ٹیسٹ کروائیں اور ایکشن قانونی پانے پر دوبارہ باؤلنگ کے اہل ہوں گے۔