کراچی پولیس میں تبادلوں کے بعد نئے چیف غلام نبی میمن نے عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔ غلام نبی میمن اس سے قبل بھی کراچی پولیس چیف کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔کراچی پولیس آفیس پہچنے پر ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جی ایڈمن احمد نواز چیمہ اور دیگر سینئر افسران نے غلام نبی میمن کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے عمران یعقوب منہاس کے چارج چھوڑنے پر بطور ایڈیشنل آئی جی کراچی چارج سنبھالا ہے۔ دونوں افراد نے ایک سادہ اور پروقار تقریب میں کمانڈ اسٹک کا تبادلہ کیا اور ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن اور دیگر سینئر افسران نے عمران یعقوب منہاس کو پورے اعزاز کے ساتھ کراچی پولیس آفس سے رخصت کیا۔ عمران یعقوب منہاس کو ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔