سمندر میں تیراکی کا جنون دو اور جانیں لے گیا۔ کراچی میں عید پر سیرو تفریح کیلئے ساحل پر آنے والوں کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ سمندر میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں عید الفطر کے دوسرے روز سینڈزپٹ اور منوڑا کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔ لائف گارڈز اور ایدھی فاؤنڈیشن کے غوطہ خوروں نے 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد لاشیں نکال لیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں لڑکے رشتہ داروں اور دوستوں کے ہمراہ پکنک کیلئے ساحل سمندر پر آئے تھے، سمندر میں نہاتے ہوئے دونوں نوجوان تیز لہروں کے سامنے بے بس ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ڈوب گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ عبدالکلام ولد نصیب خان اور 23 سالہ غلام شبیر ولد غلام مصطفیٰ شامل ہیں، عبدالکلام اتحاد ٹاؤن جبکہ متوفی نوجوان غلام شبیر نیو کراچی شفیق کالونی کا رہائشی تھا۔
عبدالکلام اور غلام شبیر دونوں کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا سے تھا، پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں اہلخانہ کے حوالے کر دی ہیں۔