پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے حنیف عباسی کی ایفیڈرین کوٹہ کیس میں سزا کو ختم کردیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی ایفیڈرین کوٹہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالتِ عالیہ نے حنیف عباسی کی ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا اور حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں بری کر دیا۔
حنیف عباسی نے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 11 سال یہ کیس بھگتا اور 11 ماہ کی قید بھی کاٹی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس دوران مجھے 2 انتخابات سے باہر رکھا گیا، میری بیٹی کو نوکری سے نکالا گیا، میرے چھوٹے بھائی کو 14 دن غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ شیخ رشید الیکشن میں آئیں گے تو اب الیکشن میں ان سے مقابلہ ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ راوالپنڈی سے 21 اکتوبر کو سب سے بڑا قافلہ لے کر نواز شریف کا استقبال کروں گا۔