پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کےخلاف میچ میں شاندار کم بیک کرنے والے عمراکمل نے کوئٹہ ٹیم مینجمنٹ اور بالخصوص ویوین رچرڈز کا شکریہ ادا کیا۔ عمراکمل کا کہنا ہے کہ وہ ان پر اعتماد کرنے پر ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
عمراکمل کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز انتظامیہ نے ان پر اعتماد کرکے ایک بار پھر موقع دیا جسکے باعث انہیں عزت ملی ہے۔ اسٹائلش بلے باز نے ٹیم کے مینٹور اور ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز کرکٹر ویوین رچرڈز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ویوین رچرڈز نے انہیں بہت زیادہ اعتماد دیا اور کہا کہ خود پر یقین رکھنا۔
شاہدآفریدی نے بھی ہمیشہ کی طرح حوصلہ بڑھایا جبکہ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمرگل نے کہا کہ تم نے پاکستان کے لئے ایسی صورتحال میں کئی میچز جتوائے ہیں بس اسی یقین کے ساتھ کھیلو۔
ہیڈکوچ معین خان اور کپتان سرفرازاحمد بھی بیٹنگ کے دوران حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ عمراکمل کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ انکی اننگز ٹیم کے کام آئی۔ مینجمنٹ کے دئے گئے رول کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پلیئر آف دا میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کپتان سرفرازاحمد نے عمراکمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکی اننگز سے زیادہ عمراکمل کی اننگز بہت اہم تھی جس نے میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
عمراکمل نے گزشتہ روز تقریباً 3 سال بعد پاکستان سپرلیگ کا میچ کھیلا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف عمراکمل نے برق رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 8 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 فلک شگاف چھکے بھی شامل تھے۔
عمراکمل نے پی ایس ایل میں آخری میچ 2019 کا فائنل کھیلا تھا جسکے بعد 2020 کے پی ایس ایل سے قبل عمراکمل پر اسپاٹ فکسنگ کے الزام پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ پابندی ختم ہونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہی انہیں دوبارہ منتخب کیا اور ایک بار پھر موقع دیا۔