پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈرشپ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ جس میں شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور فواد چوہدری بھی شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو رات گئے اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔ فواد چوہدری کو رات کو سپریم کورٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری گزشتہ روز پورے دن سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر موجود رہے لیکن پولیس بھی انکا باہر انتظار کرتی رہی۔ فواد چوہدری تقریباً 12 گھنٹے سے زائد سپریم کورٹ میں رہنے کے بعد باہر آئے، میڈیا سے گفتگو کی اور اپنی گرفتاری دے دی۔
پاکستان تحری انصاف کے جنرل سیکریٹری اسدعمر کو بھی گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ سابق گورنرپنجاب عمرچیمہ اور پی ٹی آئی سندھ ڈویژن کے صدر علی زیدی کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے جمشید اقبال چیمہ، فلک ناز چترالی، مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری اور سابق ایم پی اے اجمل صابر راجہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق جلاؤ، گھیراؤ اور پُرتشدد مظاہروں پر اکسانے والوں کی نقصِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں ہوئی ہیں اور تمام گرفتاریاں قانونی تقاضوں کو مکمل کر کے عمل میں لائی گئی ہیں۔