چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور میں زمان پارک پر پولیس آپریشن جاری ہے۔ پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں جس میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں 54 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں 64 افراد زخمی ہوئے جن میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 54 پولیس اہلکار اور 10 شہری شامل ہیں، 51 پولیس اہلکاروں کو سروسز اور 3 کو میئو اسپتال لایا گیا۔
واضح رہے پولیس گزشتہ روز دوپہر میں عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے زمان پارک پہنچی تھی جسکے بعد سے پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں اور پولیس اب تک عمران خان کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔