پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں امریکا کی سازش کے تحت مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کی قیادت کریں گے۔
چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بڑھتی مہنگائی کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران نظر آنے والی لاقانونیت کی مذمت کرتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
رہنماؤں نے 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مخلوط حکومت کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی شکایات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اس دوران پی ٹی آئی راولپنڈی اور اسلام آباد کے رہنماؤں کو ایونٹ کو تاریخی بنانے کے لیے اپنی تیاریوں اور عوامی تحریک کی مہم کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
احتجاجی لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ 2 جولائی کی احتجاجی ریلی کی قیادت کریں گے، موجودہ حکومت کے خلاف مضبوط تحریک چلانا لازمی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ، خاص طور پر نوجوان اور خواتین، سیاسی طور پر پہلے سے کہیں زیادہ باشعور ہوچکے ہیں اور اس چیز کا اظہار عوام نے ان کی حکومت کی برطرفی کے خلاف زبردست ردعمل دے کر کیا۔