پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے چیئرمین کے امیدوار کا اعلان کردیا۔ عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑیں گے۔ بیرسٹر گوہر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کو پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے لیکن عمران خان چیئرمین کا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن کو موقع دینا نہیں چاہتے کہ وہ بلے کا نشان چھین لیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے تحریک انصاف کا عبوری سیٹ اپ آرہا ہے، یہ کوئی مائنس ون فارمولہ نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر تحریک انصاف کا کوئی تصور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ علی ظفر نے کہا کہ جو چیئرمین پی ٹی آئی بنے گا وہ عارضی طور پر ہوگا، کسی قد آور سیاسی شخصیت کو چیئرمین بناتے تو مائنس ون کی بات ہوتی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے پاس چیئرمین پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ہی پارٹی کا اول و آخر اور نظریہ ہیں۔