سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو گجرنالہ، محمودآباد اور اورنگی نالہ متاثرین کو 30 دنوں میں چیکس ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنی بھی دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجرنالہ، محمودآباد اور اورنگی نالہ متاثرین کی بحالی کے کیس سماعت ہوئی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش آئے۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد سندھ حکومت کو گجرنالہ، محمودآباد نالہ اور اورنگی نالہ کے تمام 6 ہزار سے زائد متاثرین کو چیکس ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تمام چیکس 7 دنوں میں تیار کئے جائیں اور اگلے 30 دنوں تک تقسیم کردئے جائیں۔ متاثرین صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک چیکس حاصل کرسکتے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ تمام چیکس ڈی سی جنوبی سے ادا کئے جائیں۔ کمشنر کراچی چیکس کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور اگر کہیں کوئی بےضابطگی ہو تو ایڈیشنل کمشنر اسکے خلاف کارروائی کریں۔
سماعت کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ عدالت نے انہیں مزید سماعت پر حاضری سے استثنی دے دیا ہے وہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی بےگھر ہو۔ عدالت کو یقین دلایا ہے کہ حکومت مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ متاثرین کو پلاٹ اور تعمیر کے پیسے دینے کیلئے تیار ہیں۔ حکومت نے نیک نیتی سے اس معاملے پر کام کیا ہے۔