سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں 96 گز پر تعمیر کی گئی 9 منزلہ عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے الاٹیز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو بھی مسترد کردیا۔
آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے آگرہ تاج میں 96 گز پر 9 منزلہ عمارت بنانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ 96 گز کے پلاٹ پرعمارت بنا کر فلیٹس فروخت بھی کردیے گئے، عدالتی احکامات کے باوجود عدالتی چھٹیوں میں بلڈر نے پوری عمارت کھڑی کردی، عمارت مسمار کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے الاٹیز کے وکیل سے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کن بنیادوں پر آپ نےعمارت میں فلیٹس لیے؟، جب فلیٹس خرید رہے تھے تب دیکھ لیتے۔
عدالت نے الاٹیز کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست مسترد کر رہے ہیں، آپ چاہیں تو معاوضے کے لئے الگ سے درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ عدالت نے96 گز پر تعمیرعمارت مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے الاٹیز کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو 2 ہفتوں میں عمارت مسمار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایس بی سی اے عمارت مسمار کر کے رپورٹ جمع کرائے۔ عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی۔