سندھ ہائی کورٹ میں گندھارا ایمپلائز کوپرآیٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 33 کو سپرہائی وے پر لگائی جانے والی مویشی منڈی میں زبردستی شامل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سوسائٹی کو زبردستی مویشی منڈی کا حصہ بنانے کی درخواست پر اسٹیشن کمانڈر، سی ای او ملیر کنٹونمنٹ بورڈ، صدر، او آئی سی مویشی منڈی، ایس ایچ او سچل کو نوٹس جاری کردئے گئے۔
جسٹس سیدحسن اظہررضوی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سوسائٹی کو منڈی شامل نہ کرنے کے عدالتی احکامات موجود ہیں، ایک بار پھر ہماری سوسائٹی کو زبردستی منڈی میں شامل کیا جارہاہے۔ منڈی لگانے سے سوسائٹی کا ترقیاتی کام تباہ ہوجائے گا۔
عدالت نے سوسائٹی کو مویشی منڈی کا حصہ بنانے پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سوسائٹی کو مویشی منڈی کا حصہ بنانے سے روک دیا۔
کراچی میں ہرسال عیدقرباں کے موقع پر سپرہائی وے پر مویشیوں کی سب سے بڑی منڈی لگائی جاتی ہے جہاں ملک بھر سے بیوپاری جانوروں کو فروخت کیلئے لاتے ہیں۔
عیدقرباں سے تقریباً 2 ماہ قبل لگائی جانے والی یہ مویشی منڈی عید کے اختتام تک رہتی ہے، جسکے بعد بیوپاری اپنے اپنے شہروں اور گاؤں کو لوٹ جاتے ہیں۔