عدالت کا سندھ بھر کے تھانوں میں ویلفیئر کے نام پر جاری کاروباری سرگرمیاں فوری ختم کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کے تھانوں میں ویلفیئر کے نام پر جاری کاروباری سرگرمیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام کاروباری سرگرمیاں فوری ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں پولیس تھانوں میں ویلفیئر کے نام پر کمرشل سرگرمیاں شروع کرنے کے معاملے پر آئی جی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بھر کے تھانوں میں کاروباری سرگرمیاں ختم کرنے کا فوری حکم جاری کیا ہے۔

عدالت نے تھانوں کی زمین پر دکانوں اور دیگر کاروبار کے خلاف آپریشن شروع کرنے اور کسی نے تھانوں کی زمین پر حکم امتناع حاصل کر رکھا ہے تو اس کو فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی جی غلام نبی میمن نے عدالت میں اعتراف کیا اور بتایا کہ صوبے کے 16 اضلاع کی 32 لوکیشن پر 1920 پراپرٹیز قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ افراد کو نوٹس دیا تھا، لیکن انہوں نے مختلف عدالتوں سے حکم امتناع لے لیا۔

جسٹس ظفر راجپوت نے کہا کہ عدالت کو بتایا جائے تھانوں میں جاری کاروباری سرگرمیاں کب تک ختم ہو جائیں گی؟ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جن دکانوں کو لیز پر دیا گیا تھا وہ منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تھانوں کی زمین پر جو کاروباری سرگرمیاں ہو رہی ہیں وہ غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر لیز منسوخ ہو چکی ہے تو فوری قبضہ ختم کرائیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts