عدالت کا ریسٹورنٹ مسمار کرنے پر ایس بی سی اے کو جرمانے کا حکم

کراچی میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریستوران مسمار کرنے کے معاملے پر عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریسٹورنٹ مسمار کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ کلفٹن بلاک 3 میں 100 مربع گز زمین پر ریسٹورنٹ قائم تھا، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے سنہ 2005 میں لیز منسوخ کر کے زمین کو باغ ابن قاسم میں شامل کردیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ جون 2005 میں پیشگی اطلاع کے بغیر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ 

عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر حکام کو شہری کو 1 کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ حکام درخواست گزار کو رقم 17 سال کے مارک اپ کے ساتھ ادا کریں۔

اپنے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ریستوران کے انہدام کی کارروائی کے لیے طے شدہ ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

جسٹس فیصل کمال نے کہا کہ شہری اداروں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے کراچی کو تباہ کردیا، انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے شہر ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔

دنیا بھر میں سمندری علاقوں میں سیاحت کے لیے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں، بدقسمتی سے کراچی میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کا فقدان ہے اور غفلت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی طریقے سے انہدام کی کارروائی ثابت ہوتی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کی متبادل پلاٹ دینے اور پلاٹ کی قیمت کی مد میں 6 کروڑ روپے ہرجانے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts