عدالت کا جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر خالد عراقی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 26 جنوری 2022 کے بعد سے کئے گئے خالد عراقی کے تمام فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

 

سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس آفتاب احمد گورڑ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو خالد عراقی کو عہدے سے نہ ہٹانے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس آفتاب احمد نے خالد عراقی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ میں عمل درآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی کاروائی کی جائے گی۔

 

عدالت نے وزیر اعلی سندھ کو 3 ماہ میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دے دیا۔  عدالت نے جامعہ کراچی کو 10 سینئر ترین پروفیسرز کے نام وزیر اعلٰی سندھ کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔

 

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ ان پروفیسرز میں سے سب سے سینیئر کو قائم مقام وائس چانسلر تعینات کریں۔ عدالت نے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلیے سرچ کمیٹی کی تشکیل کی بھی ہدایت کردی۔

 

واضح رہے کہ پروفیسر احمد قادری نے جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts